ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / کاروار: کووڈ ٹیکہ کے نام پر سائبر چوروں کا گروہ سرگرم : عوام فون کالس کے متعلق چوکنا رہیں

کاروار: کووڈ ٹیکہ کے نام پر سائبر چوروں کا گروہ سرگرم : عوام فون کالس کے متعلق چوکنا رہیں

Thu, 24 Jun 2021 13:53:45    S.O. News Service

کاروار:24؍جون(ایس اؤ نیوز) کورونا ٹیکہ کے نام پر اب سائبر چوروں نے عوام کو پھانسنے کے نئے طریقے ایجاد کرلئے ہیں اور پتہ چلا ہے کہ یہ چور انٹرنیٹ کا استعمال کرتے ہوئے  عوام کو ٹیکہ کے نام پر  فون کرتے ہیں اور موبائل پر موصول ہونے والی   OTP دینے کے لئے کہتے ہوئے   بینک اکاونٹ صاف کردیتے ہیں۔ اس طرح کی کوشش ضلع شمالی کینرا میں کئے جانے کی اطلاع ملی ہے، لہٰذا عوام الناس کو چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔ 

اس سے قبل سائبر ڈکیتوں نے موبائیل پر مسیج بھیج کر یا کال کرکےدوگنی رقم کا جھانسہ دینے کے تعلق سے ہو یا آن لائن دھوکہ دہی ، کم قیمتوں پر اشیاء کی فراہمی کا  لالچ دے کر لاکھوں روپئے لوٹ لینے کی واردات انجام دیتے تھے ، اب بدلے ہوئے زمانے کے تحت  دوسرے راستے کو اپناتے ہوئے  گھرو ں پر پہنچ کر کووڈ ٹیکہ دینے کا جھانسہ دے کر رقم لوٹنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ البتہ جو لوگ کووڈ کا ٹیکہ لگاچکے ہیں  وہ ان  کے جھانسوں میں نہیں آرہے  ہیں۔

سائبر چور کسی طرح  پہلے  فون کرتے ہیں  اور ہندی میں پوچھتے ہیں کہ کیا آپ نے کووڈ ٹیکہ لگایا ہے یا نہیں، اگر جواب  آتا ہے کہ نہیں لگایا ہے تو  پھر پوچھا جاتا ہے کہ  آپ ٹیکہ  کہاں لیں گے، گھر پر ہی لینا چاہتے ہیں  یا کسی  ویکسن سنٹر میں جاکر لینا چاہتے ہیں ،  ایسے بہت سارے سوالات کے بعد پوچھا جاتا ہے کہ  آپ کے  گھر میں کتنے لوگ ہیں ، کیا ان سب لوگوں نے ٹیکہ لیاہے، اسی طرح آپ کو اپنی باتوں میں  مائل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے،  اگر کال ریسیو کرنے والا اس طرف ا مائل نہیں ہوتا تو فوراً کال  کٹ کرکے اپنا موبائیل بھی سوئچ آف کرلیتے ہیں۔

 اس سلسلےمیں سائبر کرائم برانچ کے انسپکٹر سیتا رام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس طرح کے فون کالس کے متعلق چوکنا رہیں ، انہوں نے کہا کہ جو لوگ  گھر پہنچ کر ٹیکہ دینے کی بات کرتے ہیں ، وہ  لوگوں سے  آدھار کارڈ نمبر لیتےہیں  پھر موبائیل پر موصول ہونے والے  اوٹی پی (OTP) کو دینے کے لئے کہتے ہیں ۔ اگر  بینک اکاؤنٹ سے لنک والا موبائل نمبر سائبر چور کے ہاتھ لگتا  ہے تو  اس نمبر سےہونےو الی تھوڑی سی غفلت اکاؤنٹ میں موجود رقم کو  صفر کردینے کے لئے کافی ہوجاتا ہے۔ سائبر چور آن لائن کے ذریعے آ پ کے اکاؤنٹ میں موجود رقم کو نکال لیتےہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ  اس طرح کاسائبر چوروں کا گروہ جھارکھنڈ میں بے حد  سرگرم ہے، انفرادی جانکاری لےکر دھوکہ دیتےہیں، انسپکٹر سیتارام نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ  موبائیل پر اس طرح آنےو الے کالس کے متعلق  بیدار رہیں اور موبائل پر موصول ہونے والا OTP کسی کو بھی نہ دیں۔

سرکاری ویب سائٹ سے ہی رجسٹرڈ کریں : گروہ کی طرف سے  دھوکہ دہی کے معاملے سامنے آنے کے بعد  عوام کو چاہئے کہ وہ کووڈ کا ٹیکہ لینے کےلئے سرکاری ویب سائٹ کا ہی استعمال کریں اور اس کے ذریعے ہی  رجسٹریشن کرائیں۔ 


Share: